• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خودکشی کے رجحان پر پائلٹ پر پابندی لگادی گئی

لندن (نیوز ڈیسک) ایزی جیٹ نے اپنے پائلٹ کے جہاز اڑانے پر پابندی لگادی۔ پائلٹ نے اپنے دوستوں سے اظہار خیال کیا تھا کہ وہ کبھی خودکشی کرلے گا، اس کی زندگی بے کار ہے، مایوسی کے خیالات سن کر ساتھیوں نے اپنے افسران کو خبر کردی، ایزی جیٹ حکام نے کہا ہے کہ اس پائلٹ پر پابندی لگانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ اس نے واٹس ایپ گروپ میں میسجز لکھے کہ ’’شاید میں خود کو مار دوں، سوچتا ہوں کہ میں لوگوں سے ملوں، دوست بنائوں، میں جب سے پیدا ہوا ہوں میری زندگی فضول لگتی ہے۔‘‘ ذرائع نے بتایا کہ پائلٹ نے اپنے حکام کو بتایا کہ اس کے دماغ میں خودکشی کا کوئی رجحان نہیں ہے، مگر ائر لائن نے کہہ دیا ہے کہ ہم قطعی طور پر اپنے پائلٹس کو کسی ناگہانی واقعہ کا موقع نہیں دیں گے، جو شخص اپنی ذاتی گفتگو میں خودکشی کے رجحان کی باتیں کرے وہ مدد کا مستحق ہے۔ اس کی طبی جانچ کی جانی چاہئے، اگر ایسا شخص اصرار کرے کہ وہ ذہنی طور پر بالکل ٹھیک ہے یہ کافی نہیں ہے، بہت زیادہ کچھ دائو پر ہوتا ہے، جرمن ونگز کا المیہ ابھی ذہنوں میں موجود ہے، ایزی جیٹ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے اپنے ایک پائلٹ کو جہاز اڑانے سے منع کردیا، اسے سہارا دینے کی پیش کش کی گئی اور ایک تحقیق کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔ ایزی جیٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملامزین کی مدد کرنے کے پروگرام اور پائلٹ پیئر سپورٹ پروگرام کے تحت یورپ اور یوکے، کے نیٹ ورک میں اپنے ملازمین کو پیشہ ورانہ صحت کے چیک اپ اور علاج کی سہولتیں فراہم کرتے ہیں۔ باقاعدگی سے پائلٹس کی جسمانی و ذہنی صحت کی جانچ کی جاتی ہے۔
تازہ ترین