• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا دل سے احترام کرتے ہیں، فردوس عاشق

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کرتارپور سکھ برادری کے لئے مقدس مقام ہے، سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات پوری آزادی اور سہولت سے ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بڑھتے رجحانات اور واقعات میں کرتار پور دنیا کو انسانیت اور اختلاف رائے کے احترام اور برداشت کا پیغام دے رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ کرتارپور راہداری کایہ منصوبہ مختلف عقائد اور تہذیبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کا بھی باعث بنے گا، ہمیں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اتنا ہی عزیز ہے جتنا سبز رنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر عزم ہیں۔

تازہ ترین