• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر مذاکرات میں دیگر صوبوں کو بھی نمائندگی دینی چاہئے‘ مجیب الرحمان

پشاور (وقائع نگار) تاجر اتحاد پشاور کینٹ کے چیئرمین مجیب الرحمان نے کہا ہے کہ مرکزی تاجران اور ایف بی آر کے مابین مذاکرات میں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کو نمائندگی نہ دینا زیادتی ہے۔ پنجاب صوبے کے حالات اور تاجروں کے مسائل الگ ہیں جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں کے مسائل مختلف ہیں۔ لہٰذا مذاکرات میں دیگر صوبوں کو بھی نمائندگی دینی چاہئے تاکہ وہ اپنے صوبوں کے تاجروں کے مسائل پیش کر سکیں۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے مجیب الرحمان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے تاجر اور ان کے کاروبار گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی اور خراب حالات کی وجہ سے متاثرہ ہوئے ہیں لہٰذا حکومت کی جانب سے اس صوبے کو خصوصی ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔ خصوصی ریلیف مانگنے کیلئے مذاکرات میں صوبے کی نمائندگی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی تاجران اور ایف بی آر کے درمیان مذاکرات کامیاب بھی ہوگئے اور خیبر پختونخوا کے تاجروں کو خصوصی ریلیف نہیں دیا گیا تو صوبے کے تاجران مذاکرات کو تسلیم نہیں کریں گے۔
تازہ ترین