چین کی ایک یونیورسٹی نے طلبہ کو اسپرنگ بریک کے دوران پھولوں کو دیکھنے اور محبت کے لمحات سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دی ہے۔
یہ ترغیب ایک ایسے ملک میں غیر معمولی ہدایت سمجھی جا رہی ہے جہاں عموماً تعلیمی کارکردگی کو ترجیح دی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ چینی حکام شادیوں کی شرح بڑھانے اور ملکی سطح پر کھپت (کنزمپشن) کو فروغ دینے کے لیے پہلے ہی نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔
چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان میں واقع سِچوان ساؤتھ ویسٹ ووکیشنل کالج آف ایوی ایشن نے اپنے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ یکم اپریل سے 6 اپریل تک ہونے والی بہار کی تعطیلات کا موضوع ’پھولوں کو دیکھیں اور رومانوی لمحات سے لطف اٹھائیں‘ رکھا گیا ہے۔
منگل کو جاری ہونے والے نوٹس میں اساتذہ اور طلبہ کو تلقین کی گئی کہ وہ اس وقفے کے دوران کتابوں سے ہٹ کر دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ کام کرنے والے افراد کے لیے مختلف اوقات میں دی جانے والی تنخواہ سمیت چھٹیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ غیر مصروف اوقات میں سفر کر سکیں۔
چین کی حکومت اپنی 1.4 ارب آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی کھپت بڑھانے کے لیے سفر اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ لوگوں کے پاس زیادہ وقت ہوگا تو شرحِ پیدائش میں اضافہ ہو سکے گا، جو اس وقت مسلسل کمی کا شکار ہے۔