پاکستانی نژاد عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان لائن آف کنٹرول کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے۔
عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں سے یکجہتی اور اُن کی آواز بننے کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر رہے ہیں۔
باکسر عامر خان نے کہا کہ انہوں نے برطانیہ میں بیٹھ کر سب صرف ٹی وی پر دیکھا اور محسوس کیا کہ مجھے خود ایل او سی جانا چاہیے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، وہاں بچے اسکول نہیں جا سکتےاور شہریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 24 اگست کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے کا اعلان کیا تھا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ’آئندہ ہفتے پاکستان آ رہا ہوں اور ایل او سی کے دورے میں مقبوضہ وادی میں امن کے لیے آواز اٹھاؤں گا۔‘
اس کے علاوہ انہوں نے یہ موقع فراہم کرنے پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔