اوکاڑہ، بوریوالا، عارفوالا(نمائندہ جنگ ) بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کی وجہ سے دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کےباعث کئی ملحقہ بستیاں زیر آب اور سیکڑوں ایکڑ پر کاشت فصلیں تباہ ہو گئیں، ساہوکاکے گردونواح میں سیلابی پانی نے تباہی مچا ڈالی ۔ گزشتہ روز کالیے شاہ کے مقام سے حفاظتی بندھ ٹوٹنے کی وجہ سے متعدد دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اوکاڑہ سے فوکل پرسن اے ڈی سی خرم شہزاد کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 41624کیوسک جبکہ اخراج 31922کیوسک ہے جس کے باعث اب ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36560کیوسک رہ گیا ہے اور 72گھنٹوں کے دوران پانی کا اخراج 25ہزار کیوسک کم ہوا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مکمل توجہ ہیڈ سلیمانکی اور دریائے ستلج سے ملحقہ علاقوں پر مرکوزہے۔