کراچی (اسٹاف رپورٹر) اگلے سال جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز رسائی راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہونے کی صورت میں اسے یورپ کے کسی ملک میں کرایا جائے گا۔ کوالیفائنگ رائونڈ میں دونوں ٹیموں کو ہوم اور اوے کی بنیاد پر مقابلہ کرنا ہے۔ دونوں ملکوں میں سیاسیاور کشمیر ایشو پر جاری کشیدگی کی وجہ سے اس بات کا امکان کم ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے ملک کا دورہ کرسکیں جس کی وجہ سے عالمی ہاکی فیڈریشن اس بات پر غور کررہی ہے کہ ان میچوں کو یورپ کے کسی ملک میں کرایا جائے۔ کوالیفائی رائونڈ میں ٹاپ تین ٹیموں جرمنی، ہالینڈ اور بھارت کو نچلے درجے کی ٹیمیں پاکستان، کوریا اور آسٹریا سے مقابلہ کرنا ہوگا جس کا فیصلہ ڈراز کی صورت میں ہوگا، ڈراز میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے آمنے سامنے آنے کا امکان ہے۔ ڈراز کے مطابق ہر دو ٹیم ایک دوسرے سے ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلہ کرینگی۔اولمپکس گیمز کے لئے مختلف بر اعظم سے چار ٹیموں نے رسائی حاصل کر لی ہے، ان میں میزبان جاپان، ارجنٹائن، جنوبی افریقا اور بیلجیم شامل ہیں، جاپان ایشین چیمپئن اور میزبان بھی ہے اس لئے اس کی ایک سیٹ خالی ہوگی، جبکہ اگلے ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے اوشیانا کپ کی فاتح بھی اولمپک گیمز میں کوالیفائی کرے گی، اس میں آ سٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا،پی ایچ ایف کے ذرائع کے مطابق پاکستان کا رسائی رائونڈ اکتوبر یا نومبر میں ہوگا جس میں پاکستان کو سخت ترین حریف سے مقابلہ کا سامنا ہوگا۔