کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) قاتل آزاد گلشن اقبال ڈویثرن پولیس جرائم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، ایک ہفتہ کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سےخاتون سمیت 2 ڈاکٹر زجاں بحق ہو چکے ہیں، جمعہ کو گلشن اقبال میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ہارٹ سرجن جاں بحق ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک 13 کے ڈی اے مارکیٹ دیوا اکیڈمی کےقریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار سوار شخص کو روکنے کا اشارہ کیا نہ رکنے پر گولی مار کر فرار ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، پولیس نے کار سوار شخص کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، اسپتال میں مقتول کی شناخت 55 سالہ سید عسکری زیدی ولد سید حسین زیدی کے نام سے کی گئی، پولیس نے بتایا ہے متوفی سفید رنگ کی میرا رجسٹریشن نمبر BMS-779 میں سوار تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی ، مقتول کو ایک گولی سینے میں لگی جس سے موت واقعہ ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں 30 بور پستول استعمال ہوا ہے ، جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے خول پولیس نے تحویل میں لئے ہیں جنہیں فرانزک لیب بیجھا جائے گا ، تفتیشی ٹیم نے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے فوٹیج حاصل کر رہے ہیں ،ایس پی شاہنواز چاچڑ کا کہنا ہے کہ مقتول ڈاکٹر کے ڈی اے مارکیٹ کے قریب اپنے گھر سے اسپتال جانے کے لئے نکلا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ایک گولی مار کر قتل کردیا ، واقعہ کے حوالے سے قبل ازوقت کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ڈکیتی مزاحمت پر واقعہ پیش آیا ہے یا ٹارگٹ کلنگ تھی ، ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے ، مقتول کورنگی کے سرکاری اسپتال میں تعینات تھا ، واضح رہے کہ 26 اگست کو بھی گلستان جوہر میں ڈاکووں کی فائرنگ سے پولیس افسر کی سالی ڈاکٹر عائشہ جاں بحق ہو گئی تھی جو کینڈا سے شادی میں شرکت کے لئے کراچی آئی تھی ۔