برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے رمضان المبارک کے موقع پر منعقدہ ایک باوقار افطار ڈنر میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی، جسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
افطار تقریب کے دوران وزیرِ اعظم اسٹارمر نے ڈاکٹر محمد فیصل کا پُرتپاک استقبال کیا، اُن سے مصافحہ کیا، خیریت دریافت کی اور مستقبل میں دوبارہ تفصیلی ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
اس دوستانہ اندازِ ملاقات نے پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات میں بڑھتی ہوئی قربت کو واضح کیا۔
سرکاری اور سفارتی حلقوں میں ڈاکٹر محمد فیصل کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے برطانیہ میں پاکستان کی نمائندگی انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، وقار اور اعتماد کے ساتھ کی ہے، جس کے باعث وہ برطانوی حکام اور سفارتکاروں میں خاص احترام رکھتے ہیں۔
یہ افطار ڈنر ناصرف مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کی علامت تھا بلکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور مضبوط تعلقات کا عملی مظہر بھی ثابت ہوا۔