• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج شاہراہ فیصل پہنچیں، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مظلوم کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے تاریخی اور عظیم الشان ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ کے سلسلے میں شاہراہ فیصل پر قائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا اور مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حوصلوں کو بلند کرنے کے لیے شاہراہ فیصل پر ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘میں آج بھرپور شرکت کریں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کشمیر میں کئی ہفتوں سے مکمل کرفیو ہے، بھارتی فوج گھروں میں چھاپے مار کر نوجوانوں کو گرفتار کررہی ہے اور عورتوں کی بے حرمتی بھی کی جارہی ہے، لوگ گھروں میں مکمل محصور ہوکر رہ گئے ہیں ، کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوچکی ہیں ،ٹیلیفون اور موبائل سے رابطہ مکمل طور پر بند ہے ، اسکول ،کالجز ، دفاتر ، بازار سمیت پوری شہری زندگی ختم ہوگئی ہے ان سب مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق کے حصول کے لیے مزاحمت کرنے پر مجبور ہیں ،اس نازک صورتحال میں ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لیے بھرپور اقدامات کرے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ، سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی انتظامی کمیٹی کے انچارج انجینئر صابر احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سینیٹر سراج الحق کو مارچ کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہاکہ نوجوانوں میں بڑا جوش وخروش پایا جاتا ہے ، مارچ کے سلسلے میں علمائے کرام ، اساتذہ ، طلبا ، ڈاکٹرز ، انجنئیرز ،وکلا، سول سوسائٹی سمیت مختلف طبقہ فکر سے وابستہ افراد کو شرکت کی دعوت دی جاچکی ہے جس پر تمام لوگوں کی جانب سے تائید اور حمایت کی یقین دہانی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مارچ میں شہر کے بیشتر مقامات سے قافلوں اور جلوسوں کی صورت میں عوام شریک ہوں گے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ،’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ ’’غزہ ملین مارچ ‘‘ سے بھی بڑا اور تاریخی مارچ ثابت ہوگا ۔ 

تازہ ترین