• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب نے کلین کراچی مہم کا پول کھول دیا


سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کلین کراچی مہم کا پول کھول دیا ہے،مہم کے تحت نالوں سے کچرا اُٹھا کر سمندر کےکنارے پھینکے جانے سے متعلق ویڈیو ثبوت پیش کردئیے ۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سی ویو، چائنا پورٹ اور امریکن قونصلیٹ کے سامنے بڑی مقدار میں کچرا ڈمپ کیا جارہا ہے، جو نالوں سے اُٹھا کر ان علاقوں میں پھینکا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ویو، امریکن قونصل خانے کے سامنے سمیت دیگر مقامات پر کچرا پھینکنے سے شہر میں مکھیاں اور مچھر پیدا ہورہے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خدارا کراچی کے شہریوں کے ساتھ یہ ظلم اور ناانصافی بند کی جائے نالوں کی صفائی کے نام پر چندہ وصول کیا جارہا ہے لیکن صفائی نہ ہونے کے برابر ہے وفاق کو کراچی کا درد ہے تو کم از کم اپنے فنڈز کا استعمال کرے ۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے شروع کی گئی کلین کراچی مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی مہم ہے کہ جس میں شہریوں سے پیسے بھی بٹورے جارہے ہیں ۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ خدارا منفی سیاست ترک کرکے کچرا اور نالے صاف کرنے میں صوبائی اور مقامی حکومتوں کا ساتھ دیں نالوں کا کچرا سمندر کنارے پھینکنے سے شہر اور شہریوں کی خدمت نہیں ہورہی بلکہ اُلٹا ان کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے ۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں لیکن شہر کے ساتھ یہ کھلواڑ نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ اچھا ہوتا کہ سب مل کر ا س شہر سے گندگی اور کچرا صاف کرتے مگر سندھ حکومت کو نیچا دکھانے کی دوڑ میں بعض ناعاقبت اندیش جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کا سہارا لے رہے ہیں جو اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے۔

تازہ ترین