• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں گلشن اقبال سے 2 کم عمر ڈاکو گرفتار کر لیے گئے


کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں ہل پارک کے قریب ڈکیتی کرنے والے دو کم عمر بچوں کو گلشن اقبال پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی ڈکیتی اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور کئی بار گرفتار ہو چکے ہیں۔

ایس ایس پی کینٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ان کم عمر بچوں نے چند روز قبل گلشنِ اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر ہل پارک کے قریب کار سوار افراد سے سرِعام لوٹ مار کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی تھی۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں 17 سالہ یوسف اور 15 سالہ اریب شامل ہیں، ملزمان کو گلشنِ اقبال بلاک 13 ڈی میں لیاری ندی کے کنارے بلوچ گوٹھ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان چوری اور ڈکیتی کے ساتھ منشیات فروش بھی ہیں اور گرفتار ملزمان افغانی شہری اور عادی جرائم پیشہ ہیں۔

اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ملزم یوسف اور اریب کم عمری سے ہی جرائم کی واردات کر رہے ہیں اور گلشن اقبال سمیت کراچی کے دیگر علاقوں میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

یہ ملزمان اس سے قبل بھی کئی مرتبہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں، ملزمان کے خلاف کراچی کے دیگر تھانوں میں بھی مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 4 موبائل فون اور 3 پرس برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کے قبضے سے 2 کلو سے زائد چرس بھی برآمد کی گئی ہے۔

ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور انہیں ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین