کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک میں کھیل کو نئے سرے سے پیروں پر کھڑا کرنے اور نوجوانوں میں مقبول بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فیڈریشن حکام سابق عظیم کھلاڑیوں اور اولمپئنز کے ساتھ بھی رابطوں میں ہے تاکہ ان کے مشوروں اور تجربے کو بروئے کار لاکر قومی کھیل کو ایک بار پھر بام عروج پر پہنچانے کا مشن مکمل ہوسکے۔ فیڈریشن نے اس ضمن میںقومی کھیل کے ڈھانچے میں دسمبر تک نئی تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اداروں اور صوبائی ٹیموں کی الگ الگ چیمپئن شپ کرائی جائے گی۔ پی ایچ ایف نے دسمبر تک کئی ملازمین کو بھی فارغ کر کے اسٹاف کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مارکیٹنگ اور میڈیا کے شعبے کو مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ اکیڈمیز کو بھی فعال کرتے ہوئے ان کے درمیان بھی ٹور نامنٹس کرایا جائے گا، ایسوسی ایشنوں کی کار کردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں سابق ہاکی اولمپئینزکو شامل کیا جائے گا۔