عمان (جنگ نیوز) اردن میں جاری بیڈمنٹن ٹورنامنٹ برائے عرب و مغربی ایشیائی ممالک میں پہلی مرتبہ دو سعودی خواتین ہتون السدحان اور ربیٰ اللحیدان ریفری ہوں گی۔ عرب میڈیا کے مطابق ربیٰ اللحیدان نے ریفری منتخب کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیڈمنٹن کھلاڑی اور سعودی بیڈ منٹن لیگ میں سند یافتہ ریفری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کورین خاتون کوچ سے کھیل سیکھا ۔ بعد ازاں سعودی لیگ سے وابستگی اختیار کی ۔ ربیٰ اللحیدان نے کہا کہ سعودی بیڈ منٹن لیگ کھیل کو فروغ دینے کے لئے سازگار ماحول مہیا کرنے کے علاوہ لڑکیوں اور خواتین کو اس میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔