سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کی نظریں ہمارے ایٹمی اثاثوں پر ہیں، وہ سازش کرکے کسی بھی طریقے سے پاکستان سے اس کی قوت چھیننا چاہتی ہیں‘ موجودہ حکومت نے ایک سال میں ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، اگر آج کوئی پیپلز پارٹی کو حکومت دیکر کہے کہ معیشت کو ٹھیک کرو تو ہم بھی نہیں کرسکتے‘جب تک کرپشن ثابت نہیں ہوتی اس وقت تک کسی بھی سیاستدان کو چور نہ کہا جائے‘ہم نے کبھی جھوٹ نہیں بولا‘جو جھوٹ بولتا ہے وہ شیطان کا دوست ہوتا ہے‘الیکشن کے موقع پر سیاستدان آپ کی مجبوری، غربت، مایوسی سے کھیلتے ہیں‘کشمیر کا مسئلہ صرف حکومت اور اداروں کا نہیں بلکہ پوری قوم اور عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔
وہ سکھر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ نریندر مودی کشمیریوں کا قتل کررہا ہے لیکن مسلم ممالک اسے ایوارڈ دے رہے ہیں‘ اختلافات اپنی جگہ پر لیکن پاکستان ہوگا تو ہم سب ہونگے، یہ وزیر اعظم ہوگا تو ہی اس کے وزیر ہونگے‘ ٹی وی چینلز کو کوئی اور کام نہیں، کراچی کا کچرا اور کچرے کی سیاست ہورہی ہے، کچرے کا مسئلہ ہر شہر اور ہر گاؤں میں ہے‘عزت دار آدمی سیاست نہیں کرسکتا، ملکی مسائل پر کوئی بات نہیں ہورہی ہے بس لوگوں کی عزت برباد کی جارہی ہے، پگڑیاں اچھالی جارہی ہے۔