اسلام آباد (حنیف خالد)ایف بی آر نے 2ستمبر کو ایک درجن سے زائد نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں جن کے مطابق پاکستان بھر کے بڑے بڑے ٹیکس مراکز میں نئے ٹیکس افسروں اور عہدیداروں نے ذمہ داریاں پیر کی صبح سے سنبھال لی ہیں۔ بنیادی سکیل 20کے یوسف حیدر نے چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ کا چارج لے لیا ہے۔ ساجد اللہ صدیقی بنیادی سکیل 20 نے کراچی میں کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز ٹو کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ پاکستان کسٹم سروس بنیادی سکیل 20کے سمیع الحق ڈائریکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمز کراچی کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ کلکٹر ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ آف پریونٹو کراچی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان کسٹم سروس کے بنیادی سکیل 20کے عہدیدار عبدالماجد یوسفانی کو 15نومبر 2019ء تک 54ایام کی ایکس پاکستان رخصت دیئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ محمد علی بنیادی سکیل 20آفیسر آف ان لینڈ ریونیو سروس نے 2ستمبر سے کراچی کے کمشنر آئی آر (زون ون) ریجنل ٹیکس آفس تھری کا نیا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ جمشید فخری داہر بنیادی سکیل 20نے لاہور کے کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس زون فور کے کمشنر آئی آر کا چارج دیکر کمشنر زون تھری لارج ٹیکس پیئرز یونٹ اسلام آباد کا نیا عہدہ سنبھالا ہے۔ مسز ساحر یاسر پاکستان کسٹم سروس بنیادی سکیل 18نے ایکس پاکستان رخصت سے واپس آ کر 2ستمبر سے ایف بی آر اسلام آباد میں سیکنڈ سیکرٹری کی ذمہ داریاں نبھانا شروع کر دی ہیں۔ اظہار احمد ڈپٹی کمشنر آئی آر ریجنل ٹیکس آفس ٹو کراچی بنیادی سکیل 18کی پانچ نومبر 2019ء کو ساٹھ سال کی عمر کو پہنچنے پر ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن دو ستمبر کو ایف بی آر نے جاری کیا ہے۔ بورڈ کے نوٹیفکیشن نمبر 2122آئی آر کے تحت ان لینڈ ریونیو سروس بنیادی سکیل 18کے افسر ڈاکٹر محمد خرم نے 2ستمبر سے ایف بی آر میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہیں 17اگست سے بنیادی سکیل 19میں ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیاہے۔