• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کا ترکی، ایران اور بنگلادیش کے وزرائے خارجہ سے رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر ترکی، ایران اور بنگلادیش کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کرلیا۔

ترک وزیر خارجہ مولود چاوش، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور بنگلادیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن سے وزیرخارجہ نے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

شاہ محمود قریشی نے تینوں ہم منصبوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے اس حوالے سے صحافیوں کو بتایا کہ بنگلادیش نے بھی مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کل سعودی عرب اور یواے ای کے وزرائے خارجہ پاکستان آرہے ہیں، ان کے سامنے پاکستان اور کشمیریوں کا نقطہ نظر رکھا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت غیر قانونی اقدامات سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جانے کا قانونی جائزہ لے رہا ہے۔

تازہ ترین