• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدترین نالائقی سے پنجاب میں ڈینگی کا مرض بڑھا: مریم اورنگزیب

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ پنجاب حکومت کی بدترین نالائقی، غفلت سے پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 683 ہوگئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اظہارِافسوس کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک اور بچاؤ کے لیے کسی قسم کا کوئی اقدام نہیں کیا گیا، حکمرانوں کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے پنجاب کے عوام کی زندگی کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے عوام میاں شہباز شریف کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے ہنگامی بنیادوں پر صوبے سے ڈینگی کا قلع قمع کیا تھا۔

واضح رہے کہ محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 85 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں 57، اسلام آباد میں26، سیالکوٹ اور سرگودھا میں ایک ،ایک ڈینگی کا مریض رپورٹ ہوا ہے۔

اب تک سب سے زیادہ راولپنڈی میں 629 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں رواں برس 683 اور ملک بھر میں979 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین