راولپنڈی میں ڈینگی مچھر نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جہاں ہر جانب ڈینگی کا وارجاری ہے، 2 ماہ میں 903 مریض شہر کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں لائے گئے، جن میں سے 612 مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
راولپنڈی کے علاقوں چکلالہ کنٹونمنٹ، پنڈی کنٹونمنٹ، گلزارِ قائد، ایئر پورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، ولایت ہومز، ڈھوک منشی، رحمت آباد، کوٹھا کلاں سمیت اندرونِ شہر کے کئی علاقے ڈینگی سے شدید متاثر ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ برسات کے موسم میں حکومتی سطح پر کوئی ہنگامی اقدامات نہیں کیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کہتی ہے کہ گھبرانا نہیں ہے، ڈینگی مچھر کو جلد مار بھگائیں گے۔
ڈینگی کے مریضوں کے بہتر علاج کے لیے راولپنڈی کے تینوں بڑے سرکاری اسپتالوں میں الگ وارڈز بنا دیے گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ برسات میں ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری بھی تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں تا کہ ڈینگی مچھر کا جلد از جلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔