• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے نئی پلیئنگ کنڈیشنز متعارف

ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے نئی پلیئنگ کنڈیشنز متعارف    (ویڈیو:  پی سی بی)


پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز 14 ستمبر سے ہو رہا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے نئی پلیئنگ کنڈیشنز متعارف کرا دی گئی ہیں، جس کے مطابق پہلی مرتبہ ’نو ٹاس‘ رول بھی عمل میں آئے گا۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی ہارون رشید پر امید ہیں کہ پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں قومی کھلاڑیوں کی بین الاقومی کرکٹ کے لیے تیاری میں معاون ثابت ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں جہاں تبدیلی کی ہے وہاں پلیئنگ کنڈیشنز میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے، پہلی بار پاکستان کے فرسٹ کلاس سیزن میں نو ٹاس رول بھی اپلائی کیا جا رہا ہے، جس میں مہمان ٹیم کو ٹاس کے بغیر پہلے بولنگ کرنے کا اختیار ہو گا، اگر دونوں ٹیمیں بیٹنگ کرنا چاہیں گی تو ٹاس ہو گا۔

نیا پوائنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے، پہلی اننگز میں بیٹنگ اور بولنگ میں کارکردگی کی بنیاد پر پوائنٹس تقسیم کیے جائیں گے، سلو اوور ریٹ پر جرمانے کے قوانین بھی سخت کیے گئے ہیں۔

قائدِ اعظم ٹرافی کے فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ایک اضافی دن بھی دیا جائے گا۔

پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ایسوسی ایشن میں شامل تمام 32 کھلاڑی فرسٹ یا سیکنڈ الیون میں شرکت کر سکیں گے۔

کسی ایک غیر ملکی کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جا سکے گا۔

قومی کرکٹرز نے نو ٹاس رول کو متعارف کرائے جانے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

تازہ ترین