• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیشن پر تنقید، جنیفر لوپیز کا ناقدین کو دوٹوک جواب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ اور اداکارہ جنیفر لوپیز نے اپنی جرات مندانہ فیشن اسٹائل پر ہونے والی تنقید کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے واضح پیغام دے دیا ہے کہ میں دوسروں کی رائے سے متاثر ہوئے بغیر اپنی زندگی اپنے انداز میں گزارتی ہوں۔

لاس ویگاس میں 30 دسمبر کو اپنی نئی میوزک ریزیڈنسی کے افتتاح کے دوران معروف گلوکارہ نے اس تنقید پر کھل کر بات کی جو انہیں اکثر اپنی ظاہری شکل اور لباس سے متعلق سننے کو ملتی ہے۔

اس موقع پر جنیفر لوپیز نے سامعین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شکر ہے میں یہ سب کافی عرصے سے کر رہی ہوں، اب میں بہت سی باتوں کو نظرانداز کر سکتی ہوں، ان باتوں کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہوتی، میں اپنے بچوں کو بھی یہی سمجھاتی ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات میں تنقیدی تبصروں پر ہنس بھی دیتی ہوں، کچھ باتیں واقعی مزاحیہ بھی ہوتی ہیں۔

جنیفر لوپیز نے ان سوالات کا بھی ذکر کیا جو اکثر ان کے لباس پر اٹھائے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’لوگ کہتے ہیں، یہ ہمیشہ ایسے کپڑے کیوں پہنتی ہے؟ اپنی عمر کے مطابق لباس کیوں نہیں پہنتی؟ یہ ہمیشہ نیم برہنہ کیوں نظر آتی ہے؟‘

ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے حاضرین کے قہقہوں کے درمیان کہا کہ اگر تمہاری جسامت بھی ایسی ہوتی تو تم بھی ایسے ہی گھومتے۔

اس موقع پر جنیفر لوپیز نے ہلکے پھلکے انداز میں ایک چمکدار مختصر لباس میں گھوم کر سامعین کو محظوظ کیا، جس پر حاضرین نے زوردار تالیاں بجائیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید