پنجاب کےوزیراعلیٰ عثمان بزدارنے راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھنے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئےسیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اُن کاکہنا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دریں اثنا لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 37افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی مریضوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انھوں نے انتظامی افسران کی سرزنش کرتے ہوئے افسران سے کہا ایس او پیز کے باوجود ڈینگی کا بروقت تدارک کیوں نہیں کیا گیا؟
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ انتظامی افسران نے بروقت اقدامات نہیں کیے، ”سب اچھا ہے“ کی رپورٹ دیتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک ہے، اسلام آباد انتظامیہ سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ڈینگی کے خلاف مہم فیصلہ کن بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو تحقیقات کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔