• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود اور فردوس عاشق کی شہدا کے گھر آمد

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی شہید کیپٹن جنید عرفان عباسی کے گھر آمد


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پاک فوج کے شہید کیپٹن جنید عرفان عباسی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی لیفٹیننٹ ارسلان عالم ستی شہید کے گھر جاکر ان کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی۔

6 ستمبر پر یوم دفاع و شہدا کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو اپنے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے، دنیا کی بڑی بڑی افواج جدید ٹیکنالوجی کے باوجود وہ نہ کرسکیں جو پاکستان کی بہادر افواج نے کر دکھایا ہے، ہماری تاریخ شہدا کےخون سےعبارت ہے۔

میڈیا سےبات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کشمیر کی پوری تصویر دنیا کے سامنے نہیں آ رہی ، لیکن جو صورتحال سامنے آرہی ہے وہ بہت بھیانک ہے ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی لیفٹیننٹ ارسلان عالم ستی شہید کے گھر آمد


دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم ستی شہید کے گھر آمد پر شہید کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، جب تک کشمیریوں کی آزادی کی صبح طلوع نہیں ہوتی پاکستانی عوام، حکومت اور افواج ان کی آواز بلند رکھے گی، جب تک ظلم کی سیاہ رات ختم نہیں ہوتی پاکستانی قوم، حکومت، افواج کشمیریوں کیساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر تابناک تاریخ رقم کی ہے،آج بھی 1965 والے جذبے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین