• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اب غربت اور جہالت سے لڑیں گے، دہشت گردی کیخلاف جیت کر فرض پورا کردیا، اب دنیا ذمہ داری نبھائے، آرمی چیف

جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی تقریب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خطاب


اسلام آباد(نمائندہ جنگ، جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اب غربت اور جہالت سے لڑینگے،دہشتگردی کیخلاف جیت کر فرض پورا کردیا، اب امن برقرار رکھنا دنیا کی ذمہ داری ہے،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،جب تک وطن کے جاں نثار موجود ہیں کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،پر امن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل،سفر استقامت کیساتھ جاری ہے،کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیںگے، مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے۔

تفصیلات کےمطابق شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی، مرکزی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کو تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے، قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا، دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، جب تک وطن کے جاں نثار موجود ہیں کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، آج کا پاکستان امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے، آج پاکستان میں امن کی بہتر فضا ہے، پاکستان نے اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں، اب اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرے،ہم نے ہمیشہ افغانستان میں پائیدار امن کی کوشش کی اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔سربراہ پاک فوج نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربر یت بڑھتی جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، آج کا کشمیر ہندوتوا کی پیروکار ہندوستانی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار بن چکا ہے، کشمیری خون ارزاں ہو چکا ہے اور جنت نظیرکشمیر ظلم کی آگ میں جل رہا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ ہندوستانی قیادت نے مذہبی جنونیت، نفرت اور طاقت کے زعم میں کشمیریوں پر جو حملہ کیا ہے وہ بلا شبہ ہمارے لیے اور پوری عالم انسانیت کے لیے ایک آزمائش ہے۔انہوں نے مزید کہا واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بعد اب غربت، جہالت اور پسماندگی کے خلاف جنگ جاری ہے، ایک پُرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم پوری حکمت عملی اور استقامت سے اس منزل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔قبل ازیں یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں شہداء کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو تھے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں غیر ملکی سفراء، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہل خانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔

تازہ ترین