کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے بیان میں بی آر سی خضدار میں پشتون طلباء کو کالج سے نکالنے اور ان کے تعلیمی سال کو ضائع کرنے کے علم دشمن اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں کالج میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا لیکن کالج کی انتظامیہ نے یکسر تعصب اور تنگ نظری اور دبائو کی بنیاد پر پشتون طالب علموں کو کالج آنے سے منع کیا اور اب تک انہیں کالج میں دوبار آنے کی اجازت نہیں دی جارہی جس کی بنیاد پر طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار میں ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن انتظامیہ ہمیشہ جانبداری کا مظاہرہ کرتی رہی ہے جو افسوس ناک ہے۔ بیان میںمطالبہ کیا گیا کہ 24پشتون طلباء کو فی الفور کالج آنے اور ان کے تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے کیلئے اجازت دی جائے اور صوبائی وزیر اعلیٰ ، صوبائی مشیر تعلیم اور محکمہ تعلیم بی آر سی خضدار کی انتظامیہ کی جانبداری کا نوٹس لیں۔