مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کرفیو اور لاک ڈاؤن کو مسلسل 36 روز ہو گئے ہیں جبکہ قابض انتظامیہ نے وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پابندیوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں محرم الحرام کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں ۔
بھارتی قابض فوج کی جانب سے محرم کے جلوس روکنے کے لیے ناکہ بندی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔
بھارتی فورسز کی لاؤڈ اسپیکرز پر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی وارننگ ، لال چوک اور اطراف کے علاقے سیل کر دیے گئے ۔
وادی میں مسلسل36 ویں روز بھی انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، حریت قیادت اور سیاسی رہنما بدستور گھروں اور جیلوں میں بند ہیں۔
واضح رہے کہ پابندیوں کے باوجود سری نگر میں 7 محرم الحرام کا جلوس نکالنے والے عزاداروں پر بھارتی فورسز نے پیلٹ گنوں سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی جس سے متعدد عزادار زخمی ہو گئے تھے۔
بھارتی فورسز نے جلوس کی کوریج کرتے صحافیوں پر بھی تشدد کیا تھا اور ان کے کیمرے توڑ دیئے تھے، بھارتی فورسز کے تشدد سے 4 صحافی زخمی بھی ہوئے۔