• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کیخلاف سیریز: تربیتی کیمپ 18ستمبر سے لگانے کی منصوبہ بندی

سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کیمپ قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کے بعد لگایا جائے گا۔

پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز 14 ستمبر سے ہو رہا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی کا پہلا راؤنڈ 14 ستمبر سے 17 ستمبر تک کھیلا جا ئے گا۔

پہلے راؤنڈ میں تمام اسٹار قومی کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے۔ فخر زمان گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں جبکہ شاہین آفریدی نے ڈینگی بخار سے نجات پالی ہے لیکن ابھی وہ کمزوری محسوس کر رہے ہیں۔ دونوں کرکٹرز کی پہلے راؤنڈ میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔

پہلے راؤنڈ کے بعد اٹھارہ ستمبر سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی چند روز لاہور میں ٹریننگ کرنے بعد کھلاڑی کراچی میں مشقیں کریں گے، جہاں سری لنکا کے خلاف پہلے مرحلے میں تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جا ئے گی۔

ون ڈے میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

کیمپ کے لیے پندرہ کھلاڑیوں کو مدعو کیا جا سکتا ہے، ہوم سیریز کی وجہ سے ضرورت پڑنے پر مزید کسی کو طلب کیا جا سکے گا۔

شعیب ملک کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باعث ان کی جگہ افتخار احمد کو ٹیم اسکواڈ میں جگہ دی جائے گی۔

تازہ ترین