• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق سچ کیلئے جان مال آل کی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے، راشد حفیظ

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ یوم عاشور کا پیغام ہے کہ جہاں ایمان، حق اور سچ کو خطرے کا سامنا ہو تو اُن کو بچانے کیلئے اپنی جان، مال اور آل اولاد کی قربانی بھی دینا پڑے تو دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ امام الشہداء حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی محبت و عقیدت کسی ایک فرقے تک محدود نہیں بلکہ تمام مسلمان انکی محبت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے اور جانتے ہیں۔ شہدائے کربلا کی یاد مناتے ہوئے ہمیں آپس میں بے مثال اخوت و بھائی چارے اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں موجودہ دور میں کرپشن، ناانصافی، لاقانونیت، انسانیت کی تذلیل، میرٹ پر عدم عمل اور بے شمار دیگر معاشرتی برائیوں کا سامنا ہے۔ بدقسمتی سے آج ہم سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ سے الگ کرنے سے قاصر ہو چکے ہیں‘ ان یزیدی پہلوئوں کیخلاف بھی ہمیں مل کر لڑنا چاہئے جس کیلئے ہمیں اپنی سیاسی، لسانی اور علاقائی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں کربلا سے یہی تحریک اور سبق ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ برائیاں ہمارے معاشرے میں اس قدر سرایت کر چکی ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کو انہیں جڑ سے اکھاڑنے کیلئے بہت زیادہ محنت کرنا پڑ رہی ہے اور اس جمے ہوئے استحصالی نظام کو تبدیل کرنے کے راستے میں بے شمار مشکلات اور رکاوٹیں ہمارے سامنے آ کر کھڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا کام ہے جو راتوں رات نہیں ہو سکتا بلکہ اس کیلئے تسلسل اور عزم صمیم کی ضرورت ہے۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ قوم کو اس وقت جو مشکلات درپیش ہیں وہ ہماری پیدا کردہ نہیں بلکہ استحصالی سیاسی نظام کو اکھاڑنے کے باعث پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان کو بتدریج ریاست مدینہ بنا کر دم لیں گے اور یہی اسلامی اور حسینی فکرہے۔
تازہ ترین