• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 محرم کا تاریخی دن شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے،فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 10 محرم کا تاریخی دن شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے یومِ عاشور کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ دین کی سرفرازی اور باطل کے سامنے ڈٹ گئے تھے، حضرت امام حسینؓ نے اسلام کے روشن اور سنہری اصولوں پر سمجھوتہ قبول نہ کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوم عاشور کا عظیم درس یہ ہے کہ مظلوم کا ساتھ دیا جائے اور حق سچ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا ایک وہ یوم عاشور تھا جس دن نواسہ رسولﷺ دین مبین کی سربلندی کے لئے سربکف تھے۔  آج ایک کرب و بلا کشمیر میں بپا ہے۔ کرفیو کا 39 واں روز ہے، پوری وادی ہی جیل ہے، اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی شدید قلت اور جنت نظیر کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کربلا کا سبق ہے’ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے‘ پاکستانی قوم اسوہء شبیری پر عمل پیرا ہے، مظلوم کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں ۔ ان کے حوصلوں کو آزمانے والوں کو شکست ہوگی۔

تازہ ترین