مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان نے ڈوزیئر تیار کر لیا، مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی کے خلاف پاکستان کی جانب سے 115 صفحات پر مشتمل ڈوزئیر تیار کیا گيا ہے۔
ڈوزیئر میں بھارتی غاصبانہ اقدامات کی تفصیل اور تصاویر بھی موجود ہیں، ڈوزیئر میں بھارتی بربریت کا شکار لوگوں کے نام اور دیگر معلومات بھی شامل ہیں۔
پاکستان آج ڈوزیئر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے اجلاس میں پیش کرے گا۔
ڈوزیئر کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں 37 ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن ہے اور کرفیو کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں۔
ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خورد و نوش اور ادویات ختم ہونے سے انسانی بحران جنم لینے لگا، وادی میں فاشسٹ مودی سرکار نے کشمیریوں کی مذہبی آزادی بھی سلب کر لی۔
ڈوزئیر میں یہ بھی کہا گيا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 10ویں محرم کے جلوس نہیں نکالنے دئیے جا رہے، گزشتہ روز محرم کا جلوس نکالنے والوں پر بھارتی فوج نے بدترین لاٹھی چارج کیا، پیلٹس لگنے سے 12 عزادار زخمی ہوگئے اور کئی کو گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔