• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوم عاشور کے موقع پر مجالس عزاء مرکزی مجلس جعفریہ فورم کے زیرِ اہتمام شہر کے مرکزی علاقے میں منعقد ہوئی۔

ممتاز عالم دین شیخ مازن السھلانی نے مجلس شام غریباں سے خطاب کرتے ہوئے 10 محرم 61 ہجری کو پیش آنے والے واقعۂ کربلا کی تفصیل بیان کی۔

انہوں نے امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کا مقصد اور ان پر ٹوٹنے والے مصائب بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے ساتھیوں نے اسلام کی سر بلندی کے لیے عظیم قربانی پیش کی جس کی مثال رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

مجلس کی نظامت کے فرائض پاکستانی ریسرچ اسکالر سید سبطین شاہ نے سر انجام دیئے جبکہ پاکستانی نوجوان نوحہ خوانوں سید اسد عباس اور سید رضا عباس برادران نے دلسوز اشعار میں نوحہ خوانی کر کے عزاداران کی آنکھوں کو اشکبار کر دیا۔

مجلس کے دوران سید مہدی رضوی نے سلام پیش کیا جبکہ دیگر نوحہ خوانوں میں سید سلیمان زیدی، رانا واصف اور فخرعباس قابل ذکر ہیں۔

مجلس میں پاکستانیوں کے علاوہ عراقی اور آذربائیجان کے نوحہ خوانوں نے بھی عربی اور آذری زبانوں میں نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ابو اسد نجفی نے کہا کہ آج امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کا غم منانے جمع ہوئے اور یہاں مختلف اقوام کے لوگ اس غم میں شریک ہو رہے ہیں۔

سید اسد عباس نے کہا کہ وارسا میں پچھلے سال کی طرح اس بار بھی عاشقانِ حسین رضی اللّٰہ عنہ جمع ہوئے تاکہ مجالسِ عزاء میں شریک ہو سکیں۔

مجلس کے اختتامی مرحلے میں عزاداران نے ماتم و سینہ کوبی کر کے امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور ان کے خاندان کی شہادتوں پر اپنے غم کا اظہار کیا اور یزیدیت کو مردہ باد کہا۔

تازہ ترین