• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والڈ سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھانے کیلئے مسودہ قانون تیار

لاہور(خصوصی نمائندہ) والڈ سٹی اتھارٹی کے دائرہ کار کو صوبے کے دیگر تاریخی شہروں تک بڑھانے کیلئے متعلقہ محکموں کی مشاورت سے مسودہ قانون تیار کر لیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا نیا نام والڈ سٹیز اینڈ ہریٹیج ایریاا تھارٹی پنجا ب ہوگا اور اس میں ابتدائی طور پر ملتان اور بھیرہ کو شامل کیا جائے گا۔یہ بات چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران بتائی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب میں کئی شہر تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، تاریخی عمارات کو انکی اصل شکل میں بحال کرنے سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے والڈ سٹی اتھارٹی کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے تاریخی اور سیاحتی اہمیت کے حامل دیگر شہروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، تاریخی اور ثقافتی ورثہ قومی اثا ثہ ہے، اسکا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتوں اور مقامات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکمے محنت سے کام کریں اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں اور ماہرین سے بھی مدد حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں تاریخی عمارتوں اور مقامات کے تحفظ سے متعلق شعور اور آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں محکمہ قانون، اوقاف، آرکیالوجی کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، آغا خان ٹرسٹ فار کلچرکے نمائندہ راشد مخدوم اور متعلقہ افسران نے شرکت کی
تازہ ترین