• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

42سالہ سیف اللہ کشمیری پورے ملک کا سفر اپنی موٹر سائیکل پر طے کرتے ہیں ۔ہر شہر میں موجود سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں اور وہاں موجود کوڑا کرکٹ صاف کرتے ہیں ۔

پاکستان صاف کرنے کا عزم رکھنے والا سیف اللہ 


خنجراب سے گوادر تک پاکستان کو صاف کرنے کا عزم رکھنے والے سیف اللہ کا کہنا تھا کہ 2 سال قبل انہوں نے اس صفائی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے سب سے پہلے آزاد کشمیر کاسیاحتی مقام چھم واٹر فال سے کوڑا کرکٹ صاف کیا۔

ایک ویڈیو پیغام  میں سیف اللہ نے بتایا کہ وہ خنجراب پاس، دیوسائی نیشنل پارک کے علاوہ بابوسر ٹاپ کی بھی صفائی کر چکے ہیں ۔

رتی گلی، پیر چناسی، بنجوسہ جھیل، گنگا چوٹی کے علاوہ پاک افغان بارڈر تورخم، باب خیبر کی بھی صفائی کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب میں پہاڑوں سے اتر کر میدان میں آیا تو ضلع گجرات کے گاؤں لادیاں سے صفائی مہم کا آغاز کیا۔ وہ گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، مرید کے اور لاہور کی صفائی میں بھی اپنا حصہ ڈال چکے ہیں۔

انہوں نے اپنی مہم کا بتایا کہ اسی مہم کا تسلسل اب اسلام آباد، کراچی، گوادر، کوئٹہ کی صفائی کے علاوہ درخت لگانے کے حوالے سے ایک آگاہی مہم کا آغاز کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس حوالے سے افسوس کا اظہار بھی کیا کہ عوام کوڑا کرکٹ جگہ پر نہیں ڈالتے بلکہ سیاحتی مقامات پر پھینک دیتے ہیں ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اپنی آنے والی نسل کو گندا اور میلا کچیلا پاکستان نہیں بلکہ صاف ستھرا اور سر سبز پاکستان دیں گے۔


انہوں نے اپنی فیس بُک پوسٹ پر بتایا کہ انہوں نے اپنا دوسرا نیشنل ٹور خنجراب سے گوادر برائے کلین اینڈ گرین (پورا پاکستان) شروع کیا ہے۔

تازہ ترین