• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KDA اور SBCA کے17افراد کیخلاف مقدمہ درج

KDA اور SBCA  کے 17 افراد کیخلاف مقدمہ درج


کراچی میں محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 8 افسران سمیت 17 افراد پر پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور حدود میں تبدیلی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اینٹی کرپشن ضلع شرقی کے حکام نے بتایا کہ عائشہ بیگم نامی خاتون نے درخواست دی کہ گلستان جوہر بلاک 3 میں انہیں ان کے پلاٹ سے محروم کرنے کے لیے پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور حدود میں تبدیلی کی گئی ہے۔

شکایت میں ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا مقصد پہلے سے قبضے میں موجود پلاٹوں کو متاثرہ خاتون کے پلاٹ سے ملا کر رہائشی پلاٹ پر غیر قانونی طور پر کمرشل تعمیرات کرانا تھا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کے علاوہ دیگر غیر قانونی پلاٹس کے بارے میں ایس بی سی اے اور کے ڈی اے افسران سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ ان کی دستاویز پیش نہیں کرسکے، اس پر دونوں اداروں کے 8 افسران سمیت 17 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

افسران میں کے ڈی کے ڈائریکٹر لینڈ نجم الزمان اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لینڈ ندیم صدیقی سمیت 5 افسران شامل ہیں جبکہ ایس بی سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد شیخ، سینئر انسپکٹر عارف شجاع اور ایگزیکٹو انجینئرغلام محمد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تازہ ترین