• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرسٹ کلاس کرکٹ سے تھک گئے، وہاب ریاض کا غیرمعینہ مدت تک آرام کا اعلان

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا ایک اور تجربہ کار فاسٹ بولر ٹیسٹ کرکٹ سے فرار اختیار کر گیا۔ محمد عامر کے برعکس وہاب ریاض کیس میں پی سی بی نے غیر معینہ مدت تک آرام کا لفظ استعمال کیا ہے۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض نے طویل دورانیے کی کرکٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پی سی بی نے جمعرات کی شام اعلان کیا کہ وہاب ریاض نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی سے دستبردار ہو کر غیرمعینہ مدت تک آرام کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وہاب ریاض کی عمر34سال ہے اور پی سی بی کی یہ منطق سمجھ سے بالاتر ہے کہ انہیں غیر معینہ مدت تک آرام دیا گیا ہے اور وہ کب پانچ روزہ کرکٹ میں شریک ہوں گے۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سپورٹ اور رہنمائی پر بورڈ کا مشکور ہوں۔ میں نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور اپنے اہل خانہ سے مشورے کے بعد کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ میں طویل دورانیے کی کرکٹ جاری رکھوں مگر میں نے آج بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ بات سمجھنے پر پی سی بی کا شکرگذار ہوں۔ میں نے فیصلہ میں نے اپنی گذشتہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پی سی بی انہیں بی سے سی کٹیگری میں رکھنے پر غور کررہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر کے خلاف آنے والے ردعمل کے بعد وہاب ریاض نے فیصلہ سو چ سمجھ کر کیا اور مصباح الحق کو اعتماد میں لیا۔ وہاب ریاض نے کہا کہ اس دوران وہ محدود فارمیٹ کی کرکٹ میں شرکت کرتے رہیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کے دوران انہیں طویل دورانئے کی کرکٹ کے لیے اپنی فٹنس کو جانچنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب خود کو طویل دورانیےکی کرکٹ کھیلنے کا اہل سمجھوں گا اس فارمیٹ کے لیے ایک بار پھر اپنی دستیابی ظاہر کردوں گا۔ وہ قائد اعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب کی نمائندگی نہیں کریں گے اس لئے جمعرات کو وہاب ریاض نے قائد اعظم ٹرافی سے قبل ٹریننگ سیشن میں شرکت سے گریز کیا۔ وہاب ریاض سے قبل محمد عامر بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور وہ وائٹ بال کرکٹ کھیل کر اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں۔ سدرن پنجاب ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض نے قائد اعظم ٹرافی کے لیے لگائے گیے کیمپ میں رپورٹ نہیں کیا ہے۔ وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے بریک کا فیصلہ پچھلے ماہ کینیڈین لیگ کے دوران کرلیا تھا۔ وہاب ریاض نے 27ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور 83وکٹیں حاصل کیں، انہوں کی بہترین بولنگ ایک اننگز میں63رنز دے کر پانچ وکٹیں ہیں۔قائد اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں سلمان بٹ بھی حصہ نہیں لیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی لیگز میں پیسہ بہت ہے اس لئے کرس گیل،اے بی ڈی ویلیئرز جیسے بیٹسمین بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ چکے ہیں۔

تازہ ترین