اسلام آباد (بلال عباسی) احتساب عدالت نے ایل این جی کوٹہ کیس میں شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روزکی توسیع کر دی ہے، پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے قوم سے معافی مانگتا ہوں، نیب کا ادارہ ہی غلط ہے،یہ ن لیگ کو توڑنے کے لیے بنایا گیا تھا، یہ فیصلہ ہونا چاہئے کہ ملک کابینہ نے چلانا ہے یا نیب نے، مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف لاک ڈاؤن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کا فیصلہ ہے اس پر کچھ نہیں کہ سکتا، حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی اور نا ہی میں نے کوئی خط لکھا ہے ہمیں ڈیل کی کوئی ضرورت نہیں، 55 دن سے ریمانڈ چل رہا ہے، ابھی تک کیس سمجھ نہیں آیا، یہ کیسا ادارہ ہے کہ پہلے سابق وزیراعظم کو گرفتار کرتے ہیں اور اس کے بعد ان کے خلاف کیس بناتے ہیں۔