• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نفرت انگیز تقاریر: بانی ایم کیو ایم کی ضمانت میں تیسری بار توسیع

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) نفرت انگیز تقاریر کی تحقیقات میں جمعرات کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی ضمانت میں تیسری بار توسیع کردی گئی۔

یہ توسیع ایک ماہ کیلئے ہے۔ انہیں اگست 2016 میں کراچی میں ایک ریلی سے لندن سے اشتعال انگیز تقریر پر پوچھ گچھ کیلئے دوبارہ طلب کیا گیا تھا۔ برطانوی پولیس نے بتایا کہ تفتیش ابھی جاری ہے۔

ایم کیو ایم کے بانی سے ساؤتھ وارک پولیس سٹیشن میں پوچھ گچھ کی گئی، جہاں ان کے برطانوی وکیل بھی ساتھ تھے۔

پولیس نے تصدیق کی کہ الطاف حسین نے کوئی تبصرہ نہ کرنے کا آپشن اختیار کیا اور ڈیٹیکٹیوز کے سوالوں کے جواب نہیں دیئے۔

قبل ازیں پولیس کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ پاکستانی اتھارٹیز کی جانب سے نیا مواد ملنے کے بعد ایم کیو ایم کے بانی کو پولیس سٹیشن میں حاضر ہونے کے لئے کہا گیا تھا کہ وہ سکاٹ لینڈ یارڈ کے ڈیٹیکٹیوز کو اشتعال انگیز تقریر سے متعلق سوالات کے جوابات دیں۔

ایم کیو ایم اور پولیس دونوں ذرائع نے تصدیق کی کہ جمعرات کو بانی ایم کیو ایم کی ضمانت ختم ہوئی تھی اور تفتیش کیلئے انھیں ذاتی طور پر پولیس سٹیشن میں حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

تفتیش کی سربراہی میٹ کے کاؤنٹر ٹیررازم کمانڈ کے افسران نے کی۔

اس سال جون میں ان کی گرفتاری کے بعد تفتیش میں ان کی اگست 2016 کی تقریر اور اس سے پہلے براڈکاسٹ کی گئی تقاریر کو بھی فوکس کیا گیا تھا۔

بانی ایم کیو ایم کو جولائی 2019 کے دوسرے ہفتے میں ضمانت کی شرط کا جواب دینے کیلئے دوبارہ پولیس سٹیشن میں بلایا گیا تھا، تاہم اس وقت ان کی ضمانت پولیس نے ان کے سالیسٹرز کو ایک خط کے ذریعے بڑھا دی تھی۔

اس مرتبہ پولیس نے انہیں پولیس سٹیشن طلب کرنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ پولیس کے پاس نئے سوالات اورانکوائری کی نئی لائنز تھیں۔

پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ تفتیشی عمل کے دوران الطاف حسین کی ضمانت کی سخت شرائط تھیں۔

لوگوں کو مشتعل کرنے کے خوف سے ان کو خطاب کرنے کی اجازت نہیں تھی اور کرفیو کی شراط کے تحت وہ شام سے صبح تک اپنے ایڈریس پر رہنے کے پابند تھے۔

پولیس کی اجازت کے بغیر وہ برطانیہ سے باہر کا سفر نہیں کر سکتے۔ انہیں 11 جون 2019 کو علی الصباح گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کر کے جنوبی لندن پولیس سٹیشن لے جایا گیا تھا۔

اس وقت سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا تھا کہ حسین کو سیریس کرائم ایکٹ 2007 کی دفعہ 44 کے برعکس آفنسز میں معاونت حوصلہ افزائی کرنے کے شبہ میں پکڑا گیا ہے۔

تازہ ترین