• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام حسینؓ کی قربانی انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، عادل شاہ، ساجد شاہ

لندن(مجتبیٰ علی شاہ)یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ امامیہ مشن نیوبری پارک سے برآمد ہوا۔ جس میں مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عزاداران حسینؓ کا ماتمی جلوس صبح 10بجے امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا دن ایک بجے امامیہ مشن پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ یوم عاشور کے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے صدر امامیہ مشن سید عادل شاہ نے کہا کہ ہماری عمارت نئی ہے مگر مومنین و مومنات کا یہ جذبہ اور امام عالی مقام سے محبت دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں عزاداران نے شرکت کی ہے جس پر میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عاشور جلوس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سید ساجد شاہ نے کہاکہ عاشورہ کے جلوس میں سنی شیعہ بھائیوں سمیت دوسرے مذاہب کے لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ امام حسینؓ کسی ایک مذہب اور ملک کے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں۔ پاکستان سے آئے معروف عالم دین علامہ عرفان عباس قمی کا کہنا تھا کہ امام حسین ؓ اور انکے خاندان کی شہادت نے اسلام کا سر فخر سے بلند کیا اور ایسی شہادت تاریخ میں نہیں ملتی جس کی وجہ سے دین اسلام بچ گیا ہو۔ آج دنیا میں حسینؓ کے نام لیوا ہر جگہ موجود ہیں مگر یزید اور اس کے پیروکار کہیں بھی موجود نہیں۔عاشورہ جلوس میں نوحہ خوانی، مرثیے اور ماتم ہوتا رہا اور دن ایک بجے زنجیر زنی کی گئی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے لئے اچھے انتظامات موجود تھے جہاں قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا تھا اور میڈیکل کی سہولیات بھی ملی تھیں۔ زنجیر زنی کے بعد سید عادل شاہ نے یوم عاشورہ کی دعا کی اور اس کے بعد مومنین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ فضا سلام یا حسینؑ کے نعروں اور یاد میں گونجتی رہی۔
تازہ ترین