• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن میں سب سے اہم یا خراب ہونے والا حصہ بیک اسپلیش (Backsplash) ہوتاہے۔ یہ سنک او ر چولہے کے پیچھے والی دیوار کا حصہ ہوتاہے جہاں پانی یا کھانا پکانے کے دوران تیل کے چھینٹے بہت پڑتے ہیں اور ان چھینٹوں سے وہ دیوار یا اس پر لگی ٹائلز خراب ہونے لگتی ہیں۔ اسی لئے جب بھی کچن کی تزئین نو کا خیا ل دل میں آتا ہے تو سب سے پہلے یہی حصہ توجہ مانگتا ہے۔ اس ضمن میںکئی ڈیزائن اور اسٹائلز موجو د ہیں۔ سب سے اہم بات یہی ہے کہ آپ کو ایسا ڈیزائن منتخب کرنا چاہئے جو آپ کا موڈ خوشگوار بنادے، کیونکہ عموماً خواتین کو کچن میں وقت گزارنا ہوتاہے تو ان کی پسند کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ اگر کوئی ڈیزائن بہت ہی اچھوتا یا ہٹ کر ہے تو اسے منتخب کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہر ہ نہ کریں کیونکہ کچن میں سب سے پہلے اسی پر نظر پڑتی ہے اور یہی حصہ کچن کی تمام تر تھیم کو سامنے لاتاہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ آپ بیک اسپلیش میں لگانے کیلئے جو ٹائلز یا ان کاڈیزائن پسند کریں، وہ کچن کی موجودہ ڈیکوریشن کے ساتھ امتزا ج کرتا ہو۔ آپ کو کچن میں کام کرنے کی جگہ (ورک ایریا)، کائونٹر ٹاپ اور یہاں تک کہ فرش میں لگی ٹائلز میں بھی امتزاج پیداکرنے کی ضرورت ہوگی۔ ان ٹائلز کے رنگ اورٹیکسچر آپ کے کوکنگ ایریا کی دلکشی بڑھانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔

ٹائل ڈیزائن

اگر آپ کچن کی دیوار کیلئے ٹائلز کا انتخاب کررہے ہیں تویہ آپ کو بہت سی کٹائو، رنگوں اور اسٹائل والے ٹائلز ملیں گے جیسے کہ؛

ڈائیگونل ٹائل : یہ مخروطی ڈیزائن والے ٹائلز ہوتے ہیں۔ تکون یا کونوں والے ٹائلز بیک اسپلیش کو ایک منفرد انداز دیتے ہیں۔ایک بات یاد رکھنے کی ہے کہ آپ کو عام طور پر بیک اسپلیش کیلئے زیاد ہ ٹائلز درکار ہوتے ہیں اور ڈائیگونل ڈیزائن ہونے کی وجہ سے یہ ٹائلز قدرے مہنگے ہوتے ہیں۔

لیزر کٹ ٹائل : پیچیدہ ڈیزائن اور پیٹرنز کی وجہ سے ان ٹائلز کو لیزرکٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے کاٹا جاتاہے۔ اس میں بہت سارے ٹائلز کو jigsawپزل کی طرح جوڑا جاتاہے،جس سے بیک اسپلیش ڈیزائن کو وسعت ملتی ہے ۔ لیزر کٹ ٹائلز قدرے مہنگے ہوتے ہیں۔

سب وے ٹائل: یہ بیک اسپلیش ٹائلز میں سب سے مقبول ڈیزائن ہے۔ اسےیہ نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ یہ زیادہ تر سب وے اسٹیشنز میں استعمال ہوتے ہیں۔ یہ ایک کلاسک اور صاف ستھر ا انداز دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ دیگر ڈیزائن جیسے کہ پینٹ والے، مخصوص شکل والے، مستطیل یا متوازی پٹیوں والے یاموزیک کی شکل میں بھی ٹائلز دستیاب ہیں۔

بیک اسپلیش ایریا

بیک اسپلیش ایریا کیلئےآپ کوماربل ، سرامک، پورسلین اور گرینائٹ وغیرہ میں سے کسی ایک کا اپنے بجٹ کے مطابق انتخاب کرنا ہوگا ۔ کم بجٹ میں رہتے ہوئےتو پورسلین اور سرامک ہی بہتر رہےگا لیکن اگر آپ کی جیب اجازت دے تو آپ مہنگے آپشنز جیسے ماربل، گرینائٹ اور کانچ لگانے کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں۔ آجکل ٹیکنالوجی کافی ترقی کرچکی ہے تو سرامک ٹائلز بھی کچھ ایسے ڈیزائن کیے جارہے ہیں جنہیں دیکھ کر ماربل کا گماں ہوتاہے، یہاں تک کہ آپ انہیں میٹل کی طرح کا بھی بنو اسکتے ہیں۔ یہ آپ کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑتے اور آپ کو اپنی مرضی کا ڈیزائن بھی حاصل ہو جاتاہے۔

کچن کاؤنٹر

عام طور پر کچن کاؤنٹر یا اس کے ٹاپ کیلئے گرینائٹ یا ماربل استعمال کیا جاتا ہے اور اگر اس میں ٹائلز لگائے جارہے ہیں توان کی عمدہ دیکھ بھال کرنی چاہئے تاکہ یہ بہت طویل عرصہ ساتھ نبھاسکیں۔ اس کے علاوہ چمکدار کنکریٹ بھی ایک شاندار انتخاب ہے کیونکہ یہ ایک سستی اور ہموار سطح بناتا ہے۔ اگر آپ کو کچن میں کام کرنے کیلئےمزید جگہ کی ضرورت ہے تو آپ کوئی میز لے کر اسے کاؤنٹر میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، کچن میں جدید تاثر دینے کیلئے شوخ رنگوں اور ہاتھ سے پینٹ کی گئی ٹائلوں کا انتخاب بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔

کچن کا فرش

درج بالا ٹائلز ڈیزائن کے علاوہ چینی ٹائلزبھی عام دستیاب ہیں اور ان کی قیمت بھی زیادہ نہیں ہوتی۔ کچن کے فرش کیلئے آپ بیک اسپلیش کی مناسبت سے عمد ہ ٹائلز کا انتخاب کرسکتے ہیں، صفائی میں آسان ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ دیکھنے میں یہ شاندارلگتے ہیں اور ان کی ہموار سطح معیاری ہوتی ہے۔ کوئی ڈیزائن یا پیٹرن ذہن میں نہ آرہا ہوتو انٹرنیٹ سے مدد لی جاسکتی ہے، جہاں ہزاروں ڈیزائن اور دلکش کچن اسٹائلز موجود ہیں۔ ان کی مدد سے آپ ایک خوشگوار اور پر کشش انداز اپنا سکتے ہیں، جو دیکھنے والوں کو بھی دیدہ زیب لگے۔ چینی ٹائلزدیسی انداز میں بھی لگائی جا سکتی ہیں اور شہری رجحان کے مطابق بھی، لیکن اس کیلئےآپ کو ان کی شکل، نمونے اور رنگ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔

تازہ ترین