آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعرات17؍ صفرالمظفّر1441ھ 17؍ اکتوبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

21سالہ کائلی جینر امریکا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی خاتون ہے۔ کائلی نے زیادہ تر دولت اپنی کاسمیٹکس کمپنی سے کمائی ہے جبکہ ماڈلنگ سے بھی اچھی خاصی رقم حاصل ہوئی۔ یہی نہیں، وہ اپنے نام کو سوشل میڈیا پر بھی کیش کرنے کا ہنر خوب جانتی ہے۔ ایک بین الاقوامی جریدے کی رپورٹ کے مطابق کائلی جینر کے فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر (اس میں اسنیپ چیٹ پر اس کے فالورز شامل نہیں ہیں)150ملین سے زائد فالورز ہیں اور وہ اپنے سوشل نیٹ ورکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ایک ملین ڈالر تک کمالیتی ہے۔

کائلی جینر زبردست کاروباری ذہن کی مالک ہے۔ وہ اپنی موجودہ دولت اور آمدنی کے جاری ذرائع پر اکتفا کرنے کے بجائے اس میں مزید اضافے کا عز م لیے ہوئے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 2سال میں اس نے 40ملین ڈالر سے زائد رقم اپنے ریئل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں لگائی ہے۔ ’کِیپنگ اَپ وِد دی کارڈیشینز‘ اسٹار نے اپنا پہلا گھر 17برس کی عمر میں خریدا تھا۔ عموماً، یہ وہ عمر ہوتی ہے جب تقریباً سارے نوجوان اپنی ٹین ایج سے لطف اندوز ہورہے ہوتے ہیں اور اپنا گھر خریدنا ان کے منصوبوں میں دور دور تک کہیں بھی نہیں ہوتا۔ کم عمر میں اپنا پہلا گھر خریدنے کے بعد 21سال کی عمر کو پہنچنے تک وہ 5 گھر خرید چکی تھی۔ دیگر شعبہ جات کی طرح، جائیداد کے معاملے میں بھی کائلی جینر کا ریکارڈ یقیناً انتہائی متاثرکن ہے۔

کائلی جینر نے پانچواں گھر اپنے پارٹنر ٹریوس اسکاٹ کے اشتراک سے بیورلی ہِلز میں خریدا ہے۔ لاس اینجلس کے پہاڑی علاقے میں خریدے گئے اس گھر کی مالیت 13.45ملین ڈالر ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی لڑکی کےملٹی ملین ڈالر ریئل اسٹیٹ پورٹ فولیو پر۔

پہلا گھر

کائلی جینر نے اپنا پہلا گھر 2015ء میں کیلی فورنیا کے چند مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہونے والے علاقے ’اوکس نیبرہوڈ‘ (Oaks Neighbourhood) میں خریدا، جہاں چند ہی بلاک دوری پر اس کی بہنوں کورٹنی کارڈیشین اور خِلو کارڈیشین کے گھر پہلے سے موجود تھے۔ 4,851 مربع فٹ رقبے پر محیط یہ محل نما گھر اس وقت اسے 2.6ملین ڈالر میں پڑا تھا۔ جریدے گلیمر کی رپورٹ کے مطابق، کائلی جینر نے یہ گھرخریدنے کے بعد اس کی مکمل طور پر نئے انداز سے تزئین و آرائش کی اور اپنے ذوق کے مطابق ایک ہی رنگ کی تھیم پر گھر کو سجایا، جو ہلکے اور گہرے سرمئی رنگ سے لے کر کالے رنگ پر مشتمل تھی۔

دوسرا گھر

پہلا گھر خریدنے کے دوسرے ہی سال یعنی 2016ء میں کائلی جینر نے کیلی فورنیا میں اپنا دوسرا گھر خریدا۔ مئی 2016ء میں خریدا گیا یہ گھر 7ہزار مربع فٹ پر محیط ہے اور کائلی کے پہلے گھر کے مقابلے میں کافی بڑا ہے۔ اس گھر کی قیمت اس وقت 6.03ملین ڈالر تھی۔ یہ گھر 6بیڈ رومز، 7باتھ رومز، ایک ہوم تھیٹر، 4گاڑیوں کے گیراج اور دیگر کئی پرتعیش سہولیات لیے ہوئے ہے۔ اس کا گراؤنڈ فلور ماسٹر بیڈ روم کے ساتھ آتش دان (فائر پلیس)، پتھر کے مٹیریل سے تیار کردہ باتھ روم، اسٹیم شاور، دو نجی الماریوںاور ایک بڑے سے صحن پر مشتمل ہے۔ اس گھرکا باورچی خانہ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، جس کے کاؤنٹر ٹاپ پتھر جبکہ اپلائنسز اسٹین لیس اسٹیل کے ہیں۔

تیسر اگھر

مئی 2016ء میں دوسرا گھر خریدنے کے تین ماہ بعد کائلی جینر نے اگست 2016ء میں پہلے گھر کےقریب اپنا تیسرا گھر خریدلیا۔ رپورٹ کے مطابق، اس گھر کی قیمت اس وقت 4.5ملین ڈالر تھی، جسے خریدنے کا مقصد اسے ’ہوم آفس‘ کے طور پر استعمال کرنا تھا۔ تاہم ایک منزلہ یہ عمارت ہوم آفس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اس جائیداد کا رقبہ 5,154مربع فٹ ہے۔

چوتھا گھر

2016ء میں ماہ ستمبر کےدوران کائلی جینر نے ایک ہی سال کے اندر اپنی تیسری جائیداد خریدی۔ 12ملین ڈالر قیمت میں خریدا جانے والا یہ گھر کائلی جینر کی سب سے بڑی ریئل اسٹیٹ پراپرٹی ہے، جو 13,200مربع فٹ ( تقریباً 1.4ایکڑ ) کی وسیع و عریض اراضی پر مشتمل ہے۔

چوتھے گھر سے ملحقہ پلاٹ

اگست 2017ء میںکائلی جینر نے اپنے 12ملین ڈالر کے وسیع و عریض اور شاندار گھر سے ملحقہ ایک خالی پلاٹ 5ملین ڈالر میں خریدا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ پلاٹ گارڈن اور فارم ہاؤس کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

پانچواں گھر

گزشتہ سال کائلی جینر نے یہ گھر اپنے پارٹنر ٹریوس اسکاٹ کے اشتراک سے بیورلی ہلز، کیلی فورنیا میں خریدا ہے، جہاں کائلی، ٹریوس اور ان کی بیٹی رہائش پذیر ہیں۔ اس گھر کو خریدنے کے لیے کائلی اور ٹریوس نے پچاس، پچاس فی صد حصہ ڈالا ہے۔ یہ کائلی کا اب تک خریدا گیا سب سے خوبصورت گھر بھی ہے، جسے وہ ’پِنک ہاؤس‘ کا نام دیتی ہے کیونکہ کائلی نے یہ گھر گلابی رنگ کی تھیم پر ڈیزائن کیا ہے۔ کائلی نے جب اس گھر کی تزئین و آرائش اور اسے دوبارہ ڈیزائن کروانے کا فیصلہ کیا تو اس کے لیے اس نے انٹیریئر ڈیزائنر مارٹن لارنس کی خدمات حاصل کیں۔ ’مجھے گلابی رنگ پسند ہے اور اس گھر کو میں گلابی رنگ سے رنگنا چاہتی ہوں‘، کائلی نے مارٹن لارنس کے سامنے اپنی پسند رکھتے ہوئے کہا تھا۔

تعمیرات سے مزید