پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق افغان ناظم الامور سے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ افغان ناظم الامور کو آہنی باڑ لگانے میں مصروف فوجی دستے پر فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل کے مطابق احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاکستان کے 3 فوجی شہید ہوئے۔
دفترِ خارجہ کے احتجاجی مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغان حکومت اپنی طرف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کی ذمے دار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی مغربی سرحد پر فائرنگ کے 2 واقعات میں 4 فوجی جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں ابا خیل اور اسپن وام کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی گئی جس سے سپاہی اختر حسین شہید ہوا، پاک فوج کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی میں شرپسند ہلاک ہوگئے۔
دوسرے واقعے میں پاک افغان سرحد پر دیر کے قریب سر حد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 فوجی جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والے فوجی جوان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے۔
واقعے میں فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں، جبکہ ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا ہے۔