• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد لاک ڈاؤن میں 25 لاکھ سے زائد لوگ ہونگے، اکرم درانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جے یو آئی کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی متفقہ رائے ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر بیچ دیا ہے، کشمیر میں جو کچھ کیا گیا ان کی رضامندی سے ہوا ہے۔

اسلام آباد لاک ڈاؤن میں پچیس لاکھ سے زیادہ لوگ ہوں گے، اس کے بعد وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دینے پر مجبور ہوجائیں گے، ن لیگ اور جے یو آئی ایک ذہن کی جماعتیں ہیں، ہمارے دستور بھی ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔

وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر بھی شریک تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، آزادی مارچ کو سیاسی اور قومی یکجہتی کا رنگ دینا ہوگا، ن لیگ آزادی مارچ میں شریک نہیں ہوئی تو دشمن مذہبی جماعت کے دارالحکومت پر قبضہ کا پراپیگنڈہ کرسکتے ہیں۔

تیس ستمبر کو پارٹی اجلاس میں دھرنے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، ہم چاہتے ہیں منصوبہ بندی کے بعد ن لیگ اور جے یو آئی مل کر آزادی مارچ کا اعلان کریں۔

نوید قمر نے کہا کہ ہم اصولی طور پر دھرنا سیاست کیخلاف ہیں، پارلیمنٹ کو خطرے میں نہیں لانا چاہتے ہیں، حکومتی ارکان نے سپریم کورٹ کے ججوں کو تین سال کی ایکسٹینشن دینے کا بل پیش کر کے ایسا کام کیا ہے جو کسی آمر نے بھی نہیں کیا۔

تازہ ترین