• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کابینہ ،لیویزاورخاصہ دارفورس پولیس میں ضم کرنےکی منظوری،اسپیشل پولیس فورس کے اہلکارمستقل،ایکٹ پاس

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا کابینہ نے خاصہ دار اور لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے قانون کی منظوری دے دی جس کے تحت لیویز اور خاصہ دار فورسز کو مستقل بنیادوں پر صوبائی پولیس میں ضم کردیا جائیگا، انضمام کے بعد دونوں فورسز کو پولیس فورس کی تمام مراعات ، سہولیات اور فوائد حاصل ہوں گے، جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے ترمیمی بل کا مسودہ کابینہ میں پیش کر دیا گیا،کابینہ نے خیبر پختونخوا سپیشل پولیس فورس ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ2019کی بھی منظوری دیدی جس کے تحت یکم اگست2019تک کنٹریکٹ یا فکس پے پر بھرتی تمام اسپیشل پولیس کے اہلکاروں کو مستقل کیا جائیگا، کابینہ نے اپر کوہستان ٹریفک حادثہ کے متاثرین کیلئے پانچ لاکھ فی کس معاوضہ اورپبلک مقامات پر بھیک مانگنے کے تدارک سے متعلق قانونی مسودہ کی منظوری دیتے ہوئے صوبہ میں پائیدار ترقیاتی حکمت عملی مرتب کرنیکا فیصلہ کیا جو حکومت کے ترقیاتی منصوبہ بندی کو زیادہ نتیجہ خیز اور موثر بنانے کیلئے رہنمائی فراہم کریگی ۔خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلیٰ محمود خان کی صدارت میں منعقد ہوا ، بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کابینہ اجلاس کے فیصلہ سے میڈیا کو آگاہ کیا۔
تازہ ترین