کوئٹہ(پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں بینظیر شہید ہسپتال میں موجود انتظامی امور پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال میں چند ڈاکٹروں کی اجارہ داری کو عوا م ، مریضوں اور مخلص ڈاکٹروں کیلئے خطرناک اور زہر قاتل قرا ردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے انتظامی امور کو عوامی مفادات کے مطابق چلانے کیلئے پارٹی قیادت ، کارکنوں اور علاقہ عوام نے انتہائی کوشش کی اور اس بات کا انتظار کیا گیا کہ کسی صورت ہسپتال میں انتظامی اور طبی نقطہ نگاہ سے بہترتبدیلی آئے مگر تمام کوششوں اور جدوجہد کے باوجود ہسپتال میں کوئی اچھی تبدیلی جس سے عوام کو فائدہ حاصل ہو نظر نہیں آئی، بلکہ اسکے برعکس ہسپتال انتظامیہ اور اجارہ دار گروپ نے ہسپتال میں ایسے حالات پیدا کئے جو عوام دوست، فرض شناس اور اپنے پیشے سے لگائو رکھنے والے معالجین پر حالات تنگ کرنے کا باعث بننے لگے اور ایسے معالجین نے اپنے تبادلے کیلئے درخواستیں دیدیں جو علاقہ عوام اور کوئٹہ کے شہریوں کی بد نصیبی ہے، بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی بعض ڈاکٹروںکے عوام دشمن رویئے کی وجہ سے ہسپتال پر برے اثرات مرتب ہوئے،مریضوں اور انکے لواحقین کو زدوکوب کرنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ضروری ہے کہ ہسپتال میں اصلاحات لا کر اسے ایک عوام دوست ہسپتال بنایا جائے جسکے لئے اجارہ داری کا خاتمہ بلا تفریق کیا جاناچاہیے ایسے ڈاکٹروں کے تبادلے کئے جائیں جو 12 بجے آکر ایک بجے چھٹی کرتے ہیں ایسے معالجین کو فارغ کیا جائے ۔