پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ صبا قمر نے پہلی بار اپنے بریک اپ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس سے محبت کرتی تھیں، انہیں کسی اور کے ساتھ دیکھ کر انہیں بہت بُرا لگتا ہے لیکن اِس کے باوجود وہ اُس کی خوشی میں خوش ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق داکارہ صبا قمر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنے بریک اپ کی کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ مقبول ترین ڈرامہ سیریلز ’چیخ‘ اور ’باغی‘ میں مضبوط خاتون کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ صبا قمر نے اپنی ویڈیو میں بتایا ہے کہ اُنہوں نے کیسے محبت میں ناکامی کا درد سہا ہے۔
صبا قمر نے بتایا کہ وہ جس شخص سے محبت کرتی تھیں اس کی شادی کو کئی سال ہوگئے ہیں اور اب اس کا ایک بیٹا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شروع شروع میں انہیں اپنی محبت کو کسی اور کے ساتھ دیکھ کر بہت دُکھ ہوتا تھا لیکن اب اُنہوں نے خود کو سمجھا لیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں اس شخص کا نام نہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ جسے پسند کرتی تھیں اس کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے تھا اور وہ ماڈلنگ کرچُکا ہے۔
محبت میں دھوکا ملنے کے بعد صبا قمر نے اپنی ایک دوست سے اس بارے میں بات کی اور کہا کہ مجھے بُرا لگ رہا ہے۔ جس پر اُنہوں نے پوچھا کہ کیوں بُرا لگ رہا ہے؟ صبا قمر نے بتایا کہ وہ میرا پیار تھا میں نے اس کے ساتھ ایک عرصہ گزارا ہے اور اب جب وہ میرے ساتھ نہیں ہے مجھے چھوڑ چُکا ہے تو مجھے بہت بُرا لگ رہا ہے۔
اداکارہ کی دوست نے انہیں سمجھایا کہ محبت ایسی نہیں ہوتی بلکہ اگر آپ کسی کو پسند کرتے ہیں تو اس کی خوشیوں کے لیے دعا کریں اور اس کی خوشی میں خوش رہیں۔ یہی وہ لمحہ تھا جب اداکارہ کو سمجھ میں آگیا کہ سچی محبت کیا ہوتی ہے۔
سچی محبت میں آپ خود غرض نہیں ہوتے بلکہ سامنے والے کی خوشی میں خوش ہوتے ہیں۔ صبا قمر نے مزید کہا کہ وہ آج بھی اس شخص سے محبت کرتی ہیں۔