سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب انکوائری میں رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کے دو بیٹوں سمیت 3 افراد کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب انکوائری میں ضمانت کے لیے خورشید شاہ کے بیٹے زریق شاہ اور فرخ شاہ کے ساتھ ایک اور شخص قاسم علی شاہ نے ضمانت کی درخواست دائر کی۔
درخواستوں میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ خورشید شاہ کی گرفتاریوں کے بعد انہیں بھی گرفتاریوں کا خدشہ ہے، نیب تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں مگر ضمانت دی جائے۔
دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکلاء کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے سندھ کے ڈی سیز کو ریکارڈ کے حوالے سے خط لکھا تھا، نیب نے خورشید شاہ کے بیٹوں کے حوالے سے ڈی سیز سے تفصیلات مانگی تھیں۔
عدالت نے خورشید شاہ کے دونوں بیٹوں سمیت تینوں افراد کی پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 16 اکتوبر تک حفاظتی منظور کرلی، جبکہ عدالت نے نیب کو 16اکتوبر کے لیے بھی نوٹس جاری کر دیے۔