• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور واقعےمیں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ کا اعلان

قصور واقعےمیں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ کا اعلان


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قصور میں بچوں کے اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلا ن کیا ہے۔

عثمان بزدار نے چونیاں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونیاں واقعات کے مقدمات درج ہوگئے ہیں، ایف آئی آر میں اے ٹی اے لگائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کی اطلاع کے لیے پچاس لاکھ روپے کی رقم دینے کااعلان کرتا ہوں اور قصور میں چائلڈ پروٹیکشن سینٹر بھی بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس کی کالی بھیڑيں جو فارغ ہورہی ہيں، ان کی دوبارہ پوسٹنگ نہیں ہوگی، جہاں جہاں مسئلہ ہوگا کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کیسز رپورٹ بھی ہورہے ہیں، ایکشن بھی ہورہا ہے، ہم نے اپنی بہترین ٹیم کی جے آئی ٹی بنائی ہے، ڈولفن فورس کو بھی چونیاں میں تعینات کردیا گيا ہے اور شہر کو سیف سٹی سے جوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں بچوں سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیاہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال 7 ماہ میں126 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں 129 ملزمان کو نامزد کیا گیا، لیکن پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث متعدد ملزمان ضمانتوں پر رہا ہو گئے۔

تازہ ترین