• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ مودی پر مذاکرات کیلئے دباؤ ڈالیں گے، نعیم الحق

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ جب تک بھارت پاکستان کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات نہیں کرتا یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مودی کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کے لیےدباؤ ڈالیں گے۔ عمران ٹرمپ ملاقات کابنیادی ایجنڈا کشمیر کی صورتحال ہے۔

ٹرمپ مودی پر مذاکرات کیلئے دباؤ ڈالیں گے، نعیم الحق


نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹرمپ سے دو سے تین مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو ہوچکی ہے، انہوں نے ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی ان تفصیلات سے آگاہ کیا جو ان کے علم میں نہیں تھیں۔ ٹرمپ کو اس بات کا احساس ہوچکا کہ مسئلہ کشمیر کی نوعیت غیرمعمولی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اگر بات چیت نہیں شروع ہوئی تو مقبوضہ کشمیر میں مزاحمت شدت اختیار کرلے گی۔ مودی نے کشمیر پر ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو اس کو ایسا مزا چکھائیں گے کہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی سوچ کےتحت بی جے پی کےٹریننگ سینٹرز میں دہشتگردی کی ٹریننگ دی جارہی ہے، بھارتی وزیر نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ان سینٹرز میں دہشت گردوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ بھارت کی معیشت دم توڑ رہی ہے وہاں انتہاپسندی زور پکڑ رہی ہے،بھارت میں مقبوضہ کشمیر پر عوام تقسیم ہوچکےہیں جبکہ بھارتی سپریم کورٹ مودی کا پٹھو بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آگے بڑھنے کا واحد طریقہ مذاکرات ہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کریں لیکن بھارت مذاکرات سے گریز کررہا ہے، عمران خان اور ٹرمپ کی ملاقات کا بنیادی مقصد ہی مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جنگ تو ہم چاہتے ہی نہیں، جنگ کا مطلب مکمل تباہی ہے۔

تازہ ترین