کراچی (اسٹاف رپورٹر) گیارہ سال کوئٹہ میں ہفتے سے فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہوگی۔قائداعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ میں ہفتے کو میزبان بلوچستان کی ٹیم سدرن پنجاب کے خلاف نبرد آزما ہوگی 4 روزہ میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا۔ قائداعظم ٹرافی کے 4 میچز کوئٹہ میں شیڈول ہیں۔شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔ ایونٹ کی ٹرافی بھی کوئٹہ پہنچ چکی ہے۔پہلے راؤنڈ کے اختتام پر سدرن پنجاب کرکٹ ٹیم کے 11 اور بلوچستان کے 7 پوائنٹس ہیں۔ کپتان حارث سہیل کی عدم موجودگی میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت عمران فرحت کریں گے۔ ٹرافی میں پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر براجمان سندھ کرکٹ ٹیم ایونٹ میں مسلسل دوسرا میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گی۔ سندھ دوسر ے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا کی میزبانی کرے گا۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گی۔ فیصل آباد میں شیڈول میچ لائیو اسٹریم ہوگا۔ سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں سندھ کی قیادت اسد شفیق جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ صاحبزادہ فرحان پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان خیبرپختونخوا کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ محمد رضوان کی جگہ ریحان آفریدی وکٹ کیپنگ کریں گے۔ سنٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کریں گے۔ دریں اثناء سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں ناردرن کرکٹ ٹیم میرپور آزاد جموں و کشمیر کے میدان میں سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گی۔ بلوچستان اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپورمیں کھیلا جائے گا۔ خیبر پختونخوا اور سندھ کے درمیان میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔