• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصر میں مظاہرین نے سیسی کو ایک ہفتے کا وقت دے دیا


مصر میں حکومت کے خلاف مظاہرے ملسل دوسرے روز بھی جاری رہے، مظاہرین نے صدر السیسی کو مستعفیٰ ہونے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کئی مظاہرین زخمی ہوئے، جبکہ 70 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ سمیت مختلف شہروں میں مصری صدر عبدالفتح السیسی کے خلاف ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے صدر سیسی سے استعفے کا مطالبہ کر تے ہوئے انہیں ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔

صدر السیسی کے خلاف مظاہرہ سوئز شہر میں دوسرے دن بھی جاری رہا، سیکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے، مظاہرے روکنے کے لیے قاہرہ میں تحریر اسکوائر کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

مصر میں بڑھتی مہنگائی اور صدر السیسی اور ان کے حکومتی ارکان کے خلاف کرپشن کے الزامات سامنے آنے پر جمعے کے روز دارالحکومت قاہرہ اور دیگر شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

موجودہ صدر اور سابق آرمی چیف عبدالفتح السیسی نے 2013ء میں ملک کے پہلے منتخب صدر اور اخوان المسلمون کے رہنما محمد مرسی کی حکومت کو برطرف کر کے اقتدار سنبھال لیا تھا، صدر مرسی کی حکومت گرانے کے بعد سے ایمرجنسی نافذ ہے اور مظاہروں پر پابندی عائد ہے۔

تازہ ترین